انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی دوسری وکٹ بھی گر گئی

ناٹنگھم: ورلڈکپ کے چھٹے میچ میں پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔ 

ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 82 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ فخر زمان 36 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان 21 ویں اوور میں ہوا جب معین علی کی گیند پر کرس ووکس نے امام الحق کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا، انہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔

ایونٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں اپنا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں جس میں انگلینڈ کو کامیابی اور پاکستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، حارث سہیل اور عماد وسیم کی جگہ شعیب ملک اور آصف علی کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کے خلاف انگلش ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، لیام پلنکٹ کی جگہ مارک ووڈ کو 11 رکنی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابراعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، آصف علی، شاداب خان، حسن علی، وہاب ریاض اور محمد عامر پر مشتمل ہے۔

انگلش ٹیم میں جیس رائے، جونی برسٹو، جوئے روٹ، کپتان این مورگن، بین اسٹوک، جوس بٹلر، معین علی، کرس ووکس، جوفرا آرچر، عادل رشید اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے سات وکٹوں سے باآسانی شکست دی تھی، اس میچ میں پاکستان ٹیم میں تجربہ اور پاور ہٹنگ دونوں ہی کی کمی محسوس کی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں