احمد شہزاد ٹی ٹوئنٹی میں ویرات کوہلی اور ڈیوائن اسمتھ کے برابر آگئے

قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز احمد شہزاد ٹی ٹوئنٹی میں 5 سنچریاں کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔

فیصل آباد میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے احمد شہزاد نے ٹی 20کیریئر کی پانچویں سنچری بنائی  تو  وہ بھارتی بلے باز ویرات کوہلی اور ویسٹ انڈیز کے ڈیوائن اسمتھ کے برابر آگئے۔

ویرات کوہلی اور ڈیوائن اسمتھ نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 5،5 سنچریاں بنارکھی ہیں جب کہ بھارت کے روہت شرما نے 6 سنچریاں بنائی ہیں۔

اس طرح احمد شہزاد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے اور ایشیاکے تیسرے بلے باز ہیں ،  ویسٹ انڈیز کے کرس گیل 22  ٹی ٹوئنٹی  سنچریوں کے ساتھ فہرست میں سب سے اوپر  ہیں۔

 احمد شہزاد بین الاقوامی کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں سنچریاں بنانے والے واحد پاکستانی بلے باز بھی ہیں۔  

یاد رہے کہ  گزشتہ کئی ماہ ٹیم سے باہر رہنے کے بعد رواں ماہ سری لنکا کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں احمد شہزاد کو موقع دیا گیا تھا تاہم وہ اس میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور پہلے ٹی ٹوئنٹی میں صرف 4 اور دوسرے میچ میں 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تھے۔

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں احمد شہزاد کو ڈراپ کردیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں