کراچی میں گرمی کے حوالے سے سندھ حکومت نے ریڈ الرٹ جاری کرنے کی تردید کردی

سندھ حکومت نے کراچی میں گرمی کی شدت انتہائی بڑھنے سے متعلق چلنے والے میسج کی تردید کردی۔

کراچی میں گزشتہ ماہ سے گرمی کی شدید لہر جاری ہے اور شہر کا پارہ 41 سینٹی گریڈ کو بھی چھو چکا ہے جب کہ شہر میں شدید حبس اور گرمی آئندہ دنوں میں بھی برقرار رہے گی۔

سوشل میڈیا پر گھومنے والا جعلی میسج

جعلی میسج کا عکس

دوسری جانب کراچی میں گرمی کے حوالے سے ایک جعلی میسج بھی گردش کررہا ہے جس میں سندھ حکومت کا حوالہ دے کر ایک الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

الرٹ میں بتایا گیا ہےکہ آئندہ چار روز میں کراچی کا درجہ حرارت 50 سے 55 ڈگری تک رہے گا، شہری صبح 9 سے دوپہر 4 بجے تک باہر نہ نکلیں اور کم سے کم 8 سے 9 لیٹر تک پانی کا استعمال کریں جب کہ اس پیغام کو مزید پھیلانے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔

سندھ حکومت کی تردید

سندھ حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پر گھومنے والے اس میسج کی تردید کی گئی ہے۔

اس حوالے سے جیونیوز سےگفتگو کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سوشل میڈیا اور واٹس ایپ پر گردش کرنے والے پیغام کو سندھ حکومت نے جاری نہیں کیا اور نہ ہی کوئی ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہری اس طرح کے جھوٹے اور جعلی پیغامات پر کان نہ دھریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں