’پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا‘ شاہینوں نے شرمناک ترین اعزاز اپنے نام کر لیا

ابوظہبی(نیوزڈیسک) دو ٹیسٹ میچز کی سیریزکے آخری میچ میں پاکستانی بلے باز آسٹریلیوی سپنرز کے سامنے شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں ۔شیخ زید سٹیڈیم،ابوظہبی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے فخر زمان اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا۔محمد حفیظ4رنز بنا کر مچل سٹارک کا نشانہ بن گئے ،اظہر علی اور فخر زمان نے دوسری وکٹ کے لیے52رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد اظہر علی 15رنز بنا کر نیتھن لیون کی گیند پر انہی کو کیچ تھما بیٹھے، اگلی گیند پر لیون نے حارث سہیل کو چلتا کیا جب کہ اپنے اگلے اوور میں اسد شفیق اور بابر اعظم کو بھی کوئی رن بنانے کا موقع دیئے بغیر پوویلین بھیجا۔یہ پاکستان کی 66سالہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا پہلا موقع تھا جب اس نے ٹیم کے مجموعے میں کسی رن کے اضافے کے بغیر 4ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی وکٹیں کھوئیں ۔قومی سکواڈ سرفراز احمد( کپتان اور وکٹ کیپر)، اسد شفیق، محمد حفیظ، اظہر علی، حارث سہیل، بابراعظم، فہیم اشرف، بلال آصف، محمد عباس، محمد رضوان، عثمان صلاح الدین، وہاب ریاض، یاسر شاہ، میر حمزہ اور شاداب خان شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم کو اوپننگ بیٹسمین امام الحق کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، وہ انگلی کی سرجری کے باعث آخری ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں ،جس کے بعد فخر زمان کو آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو کرایا گیا ہے جب کہ وہاب ریاض کی جگہ میر حمزہ کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے ، شاداب خان کو 12ویں کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے،آسٹریلیا نے دبئی ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون کو برقرار رکھا ہے۔دونوں ٹیمیں میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کیلئے پر جوش ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا، پہلے ٹیسٹ میں زبردست مقابلے کے بعد اب دونوں ٹیمیں دوسرا اور آخری ٹیسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کیلئے پر جوش دکھائی دے رہی ہیں اور اسی لئے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 1956ءسے اب تک مجموعی طور پر 63 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے آسٹریلیا نے 31 جیتے جبکہ پاکستانی ٹیم 14 میں کامیاب رہی، 18 میچز ڈرا ہوئے۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائےگی۔

- Advertisement -

You might also like

- Advertisement -