ٹوتھ برش کو کچھ وقت بعد تبدیل نہ کرنے سے خطرناک بیماریاں جنم لے سکتی ہیں

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹوتھ برش خطرناک بیکٹیریا کی آماجگاہ ہوتے ہیں اورانہیں کچھ وقت کے بعد تبدیل کر لینا چاہیے ورنہ انسان خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہو سکتا ہے۔نیوز ویک کے مطابق امریکی شہر ہیوسٹن کی فاطمہ خان نامی ایک ماہر کا کہنا ہے کہ ٹوتھ برش پر کروڑوں کی تعداد میں بیکٹیریا ہوتے ہیں، جن میں سے کئی خطرناک قسم کی انفیکشن اور دیگر عارضوں کا سبب بن سکتے ہیں۔ڈاکٹر فاطمہ خان کا کہنا تھا کہ ٹوتھ برش پر پائے جانے والے چند خطرناک بیکٹیریا سٹریپٹوکوکس میوٹنز، سٹیفائلوکس اوریئس، کینڈڈا البیکنز، پریوڈونٹل پیتھوجنز اور ای کولی و دیگر ہیں۔ یہ دانتوں کے سڑنے سے لے کر دیگر کئی طرح کے انفیکشنز کا سبب بنتے ہیں۔ ڈاکٹر فاطمہ خان کہتی ہیں کہ ٹوتھ برش کو صاف رکھنے کے لیے لازمی ہے کہ ہم اسے صاف جگہ پر رکھیں۔ بعض لوگ ٹوتھ برش کو واش روم میں رکھتے ہیں جو کہ انتہائی خطرناک عمل ہے۔ جب ہم ٹوائلٹ کو فلش کرتے ہیں تو اس میں پائے جانے والے خطرناک جراثیم پانی کے قطروں کے ساتھ پورے ٹوائلٹ میں پھیل جاتے ہیں اورٹوتھ برش ان کی افزائش کے لیے بہترین جگہ ہوتی ہے۔ لہٰذا ہمیں کبھی بھی ٹوتھ برش واش روم میں نہیں رکھنا چاہیے۔ استعمال کے بعد برش کو پانی سے دھوئیں اور خشک ہونے کے لیے تازہ ہوا میں رکھ دیں اورہر تین ماہ بعد اپنا برش تبدیل کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں