ڈیئر سرفراز ! تھینک یو۔۔۔ وقار یونس کا ٹوئٹر پیغام

سرفراز احمد کو کپتانی اور ٹیم سے ہٹائے جانے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے ٹوئٹر پر ان کیلئے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

وقار یونس نے سرفراز احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ڈیئر سرفراز! آپ کی جانب سے کپتان کی حیثیت سے پاکستان ٹیم کیلئے سرانجام دیے گئے تمام اچھے کاموں پر شکریہ، آپ کی خدمات کبھی نہیں بھلائی جاسکیں گی‘۔

وقار یونس نے اپنے پیغام کے آخر میں ’تھینک یو ٹائیگر‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے خراب پرفارمنس پر سرفراز احمد کو تمام فارمیٹ کی قیادت سے ہٹا کر اظہر علی (ٹیسٹ) اور بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کپتان مقرر کر دیا ہے جب کہ ون ڈے کے کپتان کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

سرفراز احمد کو ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم سے بھی ڈراپ کردیا گیا ہے۔

سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے فیصلے پر قومی ٹیم کے سابق کھلاڑیوں نے پی سی بی کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ میں بات کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے  سرفراز کو ہٹائے جانے پر حیرت کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سے مصباح الحق کو دو عہدوں پر لگایا گیا ہے عجیب فیصلے ہورہے ہیں۔

سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ مصباح الحق اور وقار یونس نے کبھی سرفراز احمد کو پسند ہی نہیں کیا، سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ احمقانہ ہے، پی سی بی کو فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور فاسٹ بولر سکندر بخت کا کہنا ہے کہ ہم خیال لوگوں کو لانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ستار ایشیا نیوز کے پول میں 72 فیصد لوگوں نے سرفراز کو قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کے فیصلے کو درست اور 28 فیصد نے غلط قرار دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں