ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے،آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘ کے مطابق آرمی چیف نے پشاور میں خواتین سمپوزیم اور صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ آرمی چیف نے سمپوزیم میں خواتین سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں خواتین نے ملکی ترقی میں مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے،ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے،خیبرپختونخوا کی خواتین نے دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ کے باعث بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا،خیبر پختونخوا کی خواتین نے ان تمام تر چیلنجز کے باوجود پختہ عزم اور بہادری کا ثبوت دیا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں تاکہ اس تبدیلی کاپورا پورا فائدہ اٹھایا جاسکے۔آرمی چیف نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی، جس میں نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان بھی موجود تھے،اجلاس کے دوران آرمی چیف کو اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف اقدامات سمیت مجموعی سکیورٹی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے شرکا نے اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحد ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں